لاہور کے 3 مقامات پر پولیو وائرس کی تصدیق، کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا: خواجہ سلمان
لاہور (نیوز رپورٹر) لاہور کے 3 مقامات پر پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہو گئی۔ آئوٹ فال روڈ، کھاڑک نالہ اور شیرا کوٹ کے سیوریج نمونے لئے گئے، نمونوں سے پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہو گئی۔ علاوہ ازیں مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے لاہور کے سیوریج پانی کے نمونوں میں پولیو وائرس کی نشاندہی کے حوالے سے کہا ہے محکمہ صحت پنجاب وزیر اعلی شہبازشریف کی ہدایت کے مطابق پولیو کے خاتمہ کیلئے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے اور ٹھوس حکمت عملی اور اقدامات کی وجہ سے لاہور کا انوائرمنٹل سیمپل پازیٹو ہونے کے باوجود پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ سیوریج کے پانی میں جو پولیو وائرس پایا گیا ہے وہ جنیٹک کے اعتبار سے پشاور میں پائے جانے والے وائرس سے مشابہ ہے۔ لاہور میں پولیو وائرس کی لوکل ٹرانسمیشن نہیں ہے۔ اب تک پورے ملک میں پولیو کے 276 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے صرف 3 پنجاب میں رپورٹ ہوئے جن میں سے چکوال اور بھکر میں ہونے والے دو پولیو کیسوں کے وائرس کا جنیٹک لنک ڈی آئی خان اور وزیرستان سے تھا۔ پنجاب کے بڑے شہروں خصوصاً لاہو رمیں روزگار کی تلاش اور عزیز اقارب سے ملنے کیلئے بڑے پیمانے پر لوگوں کی دوسرے صوبوں سے آمدورفت رہتی ہے اور صوبہ کے پی کے اور دیگر علاقوں میں ہزاروں بچے پولیو ویکسین کے قطروں سے محروم ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق پولیو وائرس کی وبا سے متاثرہ علاقوں میں بالغ عمر کے لوگ بھی پولیو وائرس کا کیرئیر ہو سکتے ہیں۔ مشیر صحت نے کہا لاہور میں گزشتہ 3 ماہ سے 74 ہائی رسک یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم چلائی جا رہی ہے اور 8 دسمبر سے ایک مرتبہ پھر انسداد پولیو کی قومی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ پولیو وائرس کا لوٹرانسمیشن سیزن شروع ہو چکا ہے اور حکومت کی کوشش ہے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پولیو وائرس کا قلع قمع کردیا جائے۔ دریں اثناء مشیر صحت نے دیگر صوبوں سے پنجاب آنے والے مسافر بچوں کو پولیو قطرے پلانے کے پروگرام کے تحت کوٹ سبزل رحیم یار خان میں سندھ سے آنے والے ٹریفک روٹ پر پولیو چیک پوسٹ کا جمعہ کے دن افتتاح کیا اور موقع پربچوں کو قطرے بھی پلائے۔ قبل ازیں اٹک پل ، پیرودھائی بس سٹینڈ راولپنڈی اور بادامی باغ لاری اڈا میں بھی ایسی ہی پولیو چیک پوسٹیں قائم گئی ہیں۔ کوٹ سبزل رحیم یار خان میں پولیو چیک پوسٹ کی افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر زاہد پرویز، ڈی سی او رحیم خان، عالمی ادارہ صحت، یونیسف، بل گیٹس فاؤنڈیشن اور روٹری کلب کے نمائندوں اور افسران نے شرکت کی۔