مجلس قائمہ تجارت کا اجلاس ٹیکسٹائل سٹی کے امور پر غور مؤخر
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے تجارت کے اجلاس میں پاکستان ٹیکسٹائل سٹی لمیٹڈ کے امور پر بات چیت ہونا تھی تاہم اجلاس میں پاکستان ٹیکسٹائل سٹی کی طرف سے کسی ذمہ دار عہدیدار کی عدم موجودگی کے باعث اس معاملہ پر غور مؤخر کر دیا گیا۔ سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے متعلق امور پر بات چیت کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ سٹیٹ لائف انشورنس ایس ای سی پی کے پاس رجسٹرڈ ہے جبکہ پوسٹل لائف انشورنس رجسٹرڈ نہیں۔ کمیٹی نے ہدایت کی پوسٹل ڈویژن‘ کامرس ڈویژن اور فنانس ڈویژن کا اجلاس بلایا جائے اور دونوں اداروں کے لئے یکساں مواقع پیدا کئے جائیں۔ ایس ایل آئی سی کے چیئرمین نے 106 ملین روپے کی خورد بردکے معاملہ میں کہا کہ اس معاملہ کو 2015 ء میں نیب کو بھیج دیا گیا تھا۔ مرکزی ملزم کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا جبکہ 37 ملین روپے برآمد کئے گئے۔