قومی اسمبلی، مائیک بند ہونے پر متحدہ کے وسیم حسین کی خود سوزی کی دھمکی
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی سید وسیم حسین نے اجلاس کے دوران خود کو آگ لگانے کی دھمکی دے دی اور کہا کہ قوم اور تاریخ اٹھارہویں آئینی ترمیم کرنے والوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی کیونکہ صوبوں کو اختیارات منتقل نہیں کئے گئے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کو ہدف تنقید بنایا جس کے باعث پیپلز پارٹی کے ارکان اور ان کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔انہوں نے سندھ حکومت پر الزام عائد کیا کہ اس نے صوبہ کے شہری علاقوں سے روٹی، کپڑا، مکان چھین لیا ہے۔ چیف جسٹس اور نیب سندھ میں بھی جا کر وہاں کے حالات دیکھیں، تقریر کا وقت پورا ہونے پر جب ان کا مائیک بند کیا گیا تو انہوں نے دھمکی دی کہ عوام کی بات نہ کرنے دی گئی تو وہ خود کو آگ لگا لیں گے۔ ان کی تقریر کے دوران پیپلز پارٹی کے ارکان نے شدید احتجاج کیا اور جھوٹا جھوٹا کے نعرے لگائے۔ انہوں نے کہا کہ ایان علی کو پکڑیں اور تحقیقات کروائیں ان کے پیچھے کون ہے،عزیر بلوچ سے بھی شفاف تحقیقات کی جائیں۔