مکی آرتھر کا لیڈز ٹیسٹ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کے فیصلے کا دفاع
لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کہتے ہیں کہ اسد شفیق اور اظہرعلی کی کارکردگی میں بہتری کیلئے گنجائش باقی ہے۔لیڈزمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مکی آرتھر نے لیڈز ٹیسٹ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کے فیصلے کا دفاع کیا ہے ہیڈ کوچ کہتے ہیں کہ انگلینڈ میں ٹیسٹ کرکٹ نئی گیند کے ساتھ کھیلی جارہی ہے اور اسی ٹیم کو کامیابی ملتی ہے جو پہلے چالیس اوورز گیند کو بہتر انداز میں کھیلتی ہے۔ مکی آرتھر نے کہا کہ ہم نے پہلے دن خراب بیٹنگ کی۔تاہم دوسرے روز اس میں بہتری لانے کے باوجود بیٹسمین کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے جس سے لیڈز ٹیسٹ میں شکست کاسامنا کرنا پڑا۔مکی آرتھر نے کہاکہ اظہرعلی اور اسد شفیق سے بہتر توقعات تھی اور دونوں اس سیریز میں بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے جس سے ٹیم کو نقصان ہوا، دونوں کو اپنی ٹیم کیلئے بہتر کرنا چاہیے تھا اور اس بہتری میں گنجائش باقی ہے۔