کیا لکی موٹرز نے جدید سہولتوں سے آراستہ 11 سیٹوں پر مشتمل گاڑی متعارف کرادی
کراچی(کامرس رپورٹر) جنوبی کوریا کی معروف کارساز کمپنی اور پاکستان میں نئی آٹو کمپنی کیا لکی موٹرز پاکستان نے نئی آٹو پالیسی کے تحت جدید ترین 11 سیٹوں پر مشتمل ہمہ جہت خصوصیات کی حامل اسپورٹس یوٹیلیٹی گاڑی متعارف کرادی ہے۔ کراچی میں پہلے ڈیلرشپ آفس کا افتتاح اس بات کا ثبوت ہے کہ کیا لکی موٹرز نے آٹو ڈیویلپمنٹ پالیسی 2016-21ء کے تحت کئے گئے اپنے عزم کو پورا کیا ہے اور پاکستانی صارفین کے لیے بہترین، آرام دہ، کشادہ اور جدید سہولتوں سے آراستہ گاڑی متعارف کرادی ہے۔ یہ بات آج جاری بیان میں کہی گئی۔کیا لکی موٹرز جنوبی کوریا کی کیا موٹرز اور یونس برادرز گروپ کی مشترکہ کمپنی ہے جس نے گزشتہ برس وزارت صنعت و پیداوار سے چھوٹی کمرشل اور پیسنجر گاڑیوں کی تیاری کے لیے ایک معاہدہ کیا تھا اور اس حوالے سے اب کراچی میں پہلے ڈیلر شپ کا افتتاح بھی کردیا گیا ہے ۔