نسل نوجہد مسلسل کوشعاربنائے‘ملکی ترقی میں کردار ادا کرے:سلطان احمدعلی
لاہور(نیوزرپورٹر) نظریاتی سمر سکول میں طلبہ کو اسلام،پاکستان،قائداعظمؒ ،علامہ محمد اقبالؒ اورمشاہیر تحریک آزادی سے محبت کا درس دیا جا رہا ہے۔ نئی نسل جہد مسلسل کو اپنا شعار بنائے اور بڑے ہو کر ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرے۔ ہمیشہ سچ بولیں، خدمت خلق کریں اور اپنی دینی اقدار سے وابستہ رہیں ۔ ان خیالات کا اظہار خانوادۂ حضرت سلطان باہوؒ صاحبزادہ سلطان احمد علی نے ایوانِ کارکنان تحریک پاکستان ،لاہور میں جاری نظریاتی سمر سکول کے 19ویں سالانہ تعلیمی سیشن کے اٹھارہویں روز طلبا و طالبات سے خطاب کے دوران کیا۔نظریاتی سمر سکول کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا ہے جس کا ماٹو’’پاکستان سے پیار کرو‘‘ ہے۔پروگرام کے آغاز پر نظریاتی سمر سکول کے طلبا و طالبات نے تلاوت کلام پاک ‘نعت رسول مقبولؐ‘ قومی ترانہ پیش کیا۔صاحبزادہ سلطان احمد علی نے کہا کہ ہندو اور مسلمان ہر لحاظ سے الگ قوم ہیں اور یہی دوقومی نظریہ ہے جس کی بنیاد بنا کر پاکستان معرض وجود میں آیا۔ نئی نسل اس ملک کا مستقبل ہے، آپ اپنی خداداد صلاحیتوں کو پہچانیں اور ان پر اعتماد کرنا سیکھیں ۔اساتذۂ کرام کا ادب کریں۔ہمیں اپنے محسنوں کو فراموش نہیں کرنا چاہئے اور انہیں یاد رکھنا چاہئے۔انہوں نے کہا نیک بنو اور نیکی پھیلائو کا پیغام عام کریں ۔ تاریخ ہمیں یہ بتاتی ہے کہ قائداعظمؒ نے کبھی جھوٹ نہیں بولا، ٹیپو سلطان نے کبھی بزدلی نہیں دکھائی اور اللہ کے شیروں نے کبھی وفا سے منہ نہیں موڑا۔ آپ دنیا میں روشنی کو پھیلائیں اور جہالت کے اندھیرے ختم کریں۔