کوئٹہ میں 4مسیحی افراد کی ہلاکت کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے : خلیل سندھو
لاہور (خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے شہزاد روڈ،کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی جانب سے رکشہ میں سوار مسیحی برادری کے لوگوں پر فائرنگ کے واقعہ کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے واقعات کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں پنجاب حکومت اپنے بلوچستان کے مسیحی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے۔تفصیل کے مطابق ، شہزاد روڈ، کوئٹہ میں 4 مسیحی برادری کے لوگ رکشہ پر سفر کر رہے تھے کہ چند نا معلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا اور تمام مسیحی مسافر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ اسی روز 3 اور لوگوں کو مختلف واقعات کے نتیجہ میں قتل کردیا گیا تھا۔صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ وہشتگردی کی ایسی گھنائونی کارروائی، مذہبی انتشار پھیلانے اور مذہبی اختلافات کو ہوا دینے کی ایک سازش ہے۔