دہشت گردی کے مقدمات فوجی عدالتوں میں بھیجنے کی ہدایت کر دی: شاہد خاقان
لندن+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے لندن پہنچنے پر میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرنٹ اکائونٹ میں خسارہ ہے جس پر جلد قابو پا لیں گے‘ پاکستان میں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں‘ ملک کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے‘ بہتری نظر آ رہی ہے‘ ملکی معیشت مستحکم ہے‘ پاکستان کے بارے میں لوگوں کی رائے مثبت ہے‘ پاکستان کے عوام پاکستان پر یقین رکھتے ہیں چند خبروں سے عوام کی رائے تبدیل نہیں ہو سکتی‘ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ انصاف عدالتوں میں ہوتا ہے‘ عدالتیں اپنے روئیے سے ثابت کریں گی کہ انصاف ہو رہا ہے یا نہیں انصاف ہوتا نظر بھی آنا چاہئے۔ صوبائی حکومتوں کے دہشت گردی کے مقدمات فوجی عدالتوں میں بھیجنے کیلئے ہدایات جاری کر دیں جلد عمل ہو گا‘ چند لوگ پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے جنیوا‘ لندن میں اشتہار بازی کر رہے ہیں‘ پاکستان مخالف اشتہار بازی کی کوئی حیثیت نہیں‘ لندن میں بلوچستان سے متعلق غلط فہمیاں پھیلائی جا رہی ہیں‘ سموگ عالمی فضائی آلودگی کی وجہ ہے جس پر جلد قابو پا لیں گے‘ سکول آف اکنامکس کانفرنس میں شرکت کیلئے لندن آیا ہوں۔ وزیراعظم شاہد خاقان بیگم کلثوم نواز کی عیادت بھی کریں گے۔ دریں اثناء وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان میں مارشل لگانا پاکستان توڑنے کے مترادف ہو گا۔ مارشل لاء کا کوئی امکان نہیں‘ فوجی قیادت آئین و قانون پر یقین رکھتی ہے۔ چودھری نثار کے ملک کو لاحق سنگین خطرات کے بیان کی تائید کرتا ہوں۔ امریکہ میں موجود کچھ لابیز مارشل لاء کی خواہش مند ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت اندرونی عدم استحکام دشمن کی فرمائش پوری کرنے کے مترادف ہو گا‘ فوجی عدالتوں کو کیسز بھجوانے سے متعلق آرمی چیف کا خط وزیراعظم ہائوس کو موصول ہو گیا۔ وزیراعظم ہائوس کی جانب سے خط کا جواب دیدیا گیا ہے‘ گزشتہ کابینہ اجلاس میں 29 کیسز کو کلیئر کیا گیا تھا۔ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں 85 کیسز منظوری کیلئے تیار ہیں۔ وزارت داخلہ کے پاس اس کے بعد کوئی کیس زیرالتواء نہیں ہو گا۔ قبل ازیں احسن اقبال نے کہا کہ عمران الیکشن سے چند ماہ پہلے جمہوری عمل ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے اپنے ٹویٹ میں عمران کے جلسوں کو جمہوری عمل کے خلاف سازش قرار دیا۔ انہوں نے کہا بظاہر عمران خان کے جلسے جلوس تیسرے دھرنے کے پلان کا حصہ لگتے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا جب ملکی حالات 2018ء کے الیکشن عمل کے ذریعے جمہوری عمل کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ دریں اثناء وزارت داخلہ نے 29کیسز فوجی عدالتوں کو ارسال کر دئیے جبکہ عدالتوں کو بھیجنے کے لئے 85 کسیز کو بھی حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے اب تک فوجی عدالتوں کو بھجوائے گئے کیسوں کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم جاری کیا۔