نیب کو(ن)لیگ سے محبت اور سندھ والوں سے رویہ متعصبانہ ہے، شرجیل میمن
کراچی (آئی این پی ) پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے کہا ہے کہ نیب متعصب ادارہ ہے اور سیاسی انتقام کے طور پر استعمال ہو رہا ہے ، جبکہ شریف فیملی کا بناوٹی احتساب کیا جارہا ہے۔ جمعہ کو ؎بکتر بند گاڑی اور سیکیورٹی حصار میں تیسرے دن بھی سندھ اسمبلی اجلاس میں شرکت کے موقع پر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ نیب کا سندھ میں دوہرا معیار ہے ، پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کے خلاف نیب کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا نواز شریف کا استقبال کرنا کارکنان کاحق ہے لیکن نیب کو نواز شریف کی گرفتاری کے لئے ائیرپورٹ تک رسائی نہیں دی گئی جب کہ مجھے ایئرپورٹ کے اندر سے ہی گرفتار کیا گیا تھا ۔سابق وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کے جیل پیپلز پارٹی والوں کا دوسرا گھر ہے میں تو کچھ دن سے قید ہوں، آصف علی زرداری تو 11 سال جیل کاٹ چکے ہیں ۔پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کے نواز شریف کس جمہوریت کی بات کرتے ہیں وہ خود آمریت کی پیداوار ہیں۔ اسامہ بن لادن سے پیسے لے کر انہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی حکومت گرائی تھی۔