تحریک لبیک کے منشور پر عمل کیلئے اتحاد ضروری ہے: اشرف آصف جلالی
لاہور ( خصوصی نامہ نگار)تحریک لبیک یارسول اللہ ﷺ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی سے ممتاز حسین قادری کے دوسرے سالانہ عرس کے موقع پر اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک سے بہت سے وفود نے ملاقات کی ۔ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے وفود کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا تحریک لبیک یا رسول اللہ ﷺ کے حقیقی طور پر بانی غازی ممتاز حسین قادری ہیں۔انہوں نے کہا تحریک لبیک یا رسول اللہ ﷺ کے عظیم منشور کے حصول کیلئے باہمی اتحاد از حد ضروری ہے۔اتحاد سے فرار اور انتشار پر اصرار کسی صورت بھی قابل ستائیش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا تحریک لبیک یا رسول اللہﷺمجدد دین وملت حضرت امام احمد رضا خان بریلوی اور حضرت مجدد الف ثانی شیخ احمد سرہندی فاروقی کو اپنا فکری امام تسلیم کرتی ہے انہوں نے کہا تحریک لبیک یا رسول اللہ ﷺ کے کارکنان کیلئے ضروری ہے وہ اعتقادی طور پر بہت پختہ ہوں۔ ملک میں موجود دیگر سیاسی جماعتوں کے کارکنان سے تحریک لبیک یا رسول اللہ ﷺ کے کارکنان کا اخلاقی اور نظریاتی فرق واضح رہنا چاہیے۔ہم اتنی بڑی روحانی اور ایمانی جماعت کو کبھی بھی کسی پگڑی اُچھال کلچر کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیں گے۔