انسداد تجاوزات آپریشن غیر قانونی ہے‘ کے الیکٹرک
کراچی(اسٹاف رپورٹر) کے ایم سی کی جانب سے بنا کسی نوٹس کے کے الیکٹرک کے دفاتر پر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ کے الیکٹرک کے ٹیپو سلطان اور نارتھ کراچی کسٹمر کیئر سینٹرز پر عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے کارروائیوں کے باعث کے الیکٹرک کے احاطوں کو نقصان پہنچااور کسٹمر کیئر سینٹرز پر آئے صارفین کو خدمات کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔بدھ کے روز شارع فیصل سے متصل کے الیکٹرک کے ٹیپو سلطان کسٹمر کیئر سینٹر پر کے ایم سی کی طرف سے بغیر پیشگی نوٹس اچانک توڑ پھوڑ سے ناصرف کسٹمر سروس متاثر ہوئیں بلکہ صورتحال کے پیش نظر کئی صارف کسٹمر کیئر سینٹر سے واپس چلے گئے۔ یکم جولائی 2019کو جاری کردہ عدالتی احکامات کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی کم از کم 2دن کے پیشگی نوٹس کے بغیر کے الیکٹرک کی تنصیبات اور دفاتر پر کسی قسم کی کارروائی نہیں کرسکتی۔ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ،’’بلدیہ عظمی کی جانب سے واجبات کی ادائیگی کی بجائے بنا پیشگی اطلاع اس طرح کی کارروائیاں قابل مذمت ہیں۔ 4ارب روپے سے زائد کے واجبات کے نادہندہ کے ایم سی کو عدالتی احکامات کی روشنی میں اپریل 2019سے ماہانہ بلوں کی ادائیگی کو یقینی بنانا ہے۔‘‘