کراچی: لاڈلہ گروپ کے کارندے‘ خاتون ڈکیت سمیت 9 ملزم گرفتار‘ اسلحہ‘ منشیات برآمد
کراچی(صباح نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس نے کارروائی کرکے لیاری گینگ وار زاہد لاڈلہ گروپ کے کارندے اور خاتون ڈکیت سمیت 9 ملزموں کو گرفتار کرلیا۔ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بلدیہ گلشن مزدور میں کارروائی کی اور لیاری گینگ وار زاہد لاڈلہ گروپ کے راشد بلوچ عرف چکنا کو گرفتار کرلیا۔ذرائع کے مطابق ملزم کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور منشیات بھی برآمد ہوئی۔ذرائع کے مطابق ملزم راشد کلاکوٹ پولیس لائن اور جمن شاہ پلاٹ پر ہونے والے دستی بم حملوں میں ملوث ہونے کے ساتھ قتل، اقدام قتل بھتہ خوری کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے چھت سے کود گیا تھا جس سے اس کی دونوں ٹانگیں ٹوٹ گئی ہیں۔ لیاقت آباد سپرمارکیٹ کے قریب پولیس نے کارروائی کرکے خاتون ڈکیت اور اس کے 3ساتھیوں کو گرفتار کرلیا۔ملزم بینک سے رقم لے کر نکلنے والوں کو لوٹنے سمیت گھروں میں ڈکیتی کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا ہے۔ نیو کراچی فور کے چورنگی کے قریب بھی پولیس نے کارروائی کرکے 4 ڈکیت گرفتار کرلیے اور ان کے قبضے سے اسلحہ،کیمرہ، اے ٹی ایم کارڈ، شناختی کارڈ اور موٹرسائیکل برآمد کرلی۔