فرضی جنگی مشن: آرمی چیف کی پاک فضائیہ کی تعریف
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مصحف ایئربیس کا دورہ کیا اور ایف 16 طیارے پر پرواز کی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا کہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ایک دوسرے ایف 16 طیارے پر فلائنگ کی۔ دونوں ایف 16 طیاروں نے فرضی جنگی کارروائی کے مشن میں حصہ لیا۔ آرمی چیف نے سکواڈرن کے فائٹر پائلٹس سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور قوم کیلئے اسکی خدمات پر شکریہ ادا کیا۔ آرمی چیف نے ایئر چیف کی قائدانہ صلاحیتوں کا بھی اعتراف کیا۔
آزادی کے ساتھ ہی پاکستان کے حصے میں آنے والا بیشر حربی سازوسامان بھارت نے دبا لیا‘ تاہم آزادی کے جذبے سے سرشار پاک فوج نے جس طرح چند ماہ میں اپنا عسکری نظام بنایا اور جنگی سازوسامان کی قلت کے باوجود ناقابل تسخیر فوج تیار کی وہ اپنی جگہ ایک معجزہ ہے۔ بھارت نے تین بار پاکستان کی سالمیت پر حملہ کیا۔ تینوں بار مات کھائی۔ سانحہ مشرقی پاکستان کسی فوجی کمزوری کا نتیجہ نہیں تھا بلکہ اپنوں کی سازشیں ہی اس کے پیچھے تھیں۔ ستمبر 65ء کی جنگ میں پاک فوج کے حربی کارنامے دنیا کے ملٹری کالجوں کے نصاب کا حصہ ہیں۔ ملکی دفاع کیلئے مسلح افواج کا کردار بے مثال ہے۔ ابھی حال ہی میں 27 فروری کو پاک فضائیہ دشمن کو دھول چٹا کر دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہے۔ ابھی نندن کی صورت کلنک کا ٹیکہ بھارتی فوج کے ماتھے پر لگے ہزیمت کے داغ کو ہمیشہ اجاگر کرتا رہے گا۔ بھارت نے مشرقی سرحدوں پر روزانہ بلااشتعال گولہ باری اور فائرنگ کو اپنا وطیرہ بنا لیا ہے۔ درجنوں بے گناہ شہری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں‘ تاہم پاک فوج اسے اسی کی زبان میں کرارا جواب دے رہی ہے۔ پاک فوج نے گزشتہ دو دہائیوں میں دنیا کی دہشت گردی کی سب سے خطرناک اور مشکل جنگ لڑی ہے۔ یہ پاک فوج ہی ہے جس نے نیٹو اور امریکی افواج کو بڑی حد تک بھاری جانی و مالی نقصانات سے بچا لیا۔ جنگی خدمات کے علاوہ ملک کے اندر بھی پاک فوج کی خدمات لازوال ہیں۔ پاک فوج ملکی سلامتی‘ استحکام اور امن کی ضمانت ہے۔ جب بھی ملک میں کوئی آفت آئی‘ زلزلے آئے‘ سیلاب آئے‘ پاک فوج امدادی کاموں میں سب سے پہلے موجود پائی گئی۔ پاک فوج ہر پاکستانی کی روح ہے۔ قوم کو عساکر پاکستان پر فخر ہے۔