پاکستان میں مقیم بھارتی شہری 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے
گوجرانوالہ(این این آئی)وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے گوجرانوالہ سے حراست میں لیے گئے بھارتی شہری کا 5 روزہ ریمانڈ حاصل کرلیا۔ پنجم تیواری نامی شخص 10 سال سے جعلی دستاویزات پر ملک میں مقیم تھا جسے 2 روز قبل گرفتار کیا گیا تھا۔ملزم کو علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں اسے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی کے حوالے کردیا گیا۔رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے حکام نے سالوں سے شناخت بدل پر پاکستان میں رہائش پذیر بھارتی شہری کو پناہ دینے والے خاندان کے 3 افراد سے تفتیش بھی کی۔تفتیشی افسر انسپکٹر نوید احمد نے بتایا کہ بھارتی شہری کو پناہ دینے والے شخص کامران کے خاندان سے مسعود اشرف، رخسانہ اور قیصر سے تفتیش کی گئی۔دوسری جانب ایف آئی نے جعلی پاسپورٹ، شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات تیار کرنے میں ملوث دو افراد کو بھی گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ایف آئی اے کے مطابق مذکورہ شخص 10 سال سے گوجرانوالہ میں رہائش پذیر تھا جس کو پناہ فراہم کرنے والے شہری کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا ۔