کوہلی لیجنڈ ہے میں اس کا عشر عشیر بھی نہیں ،بابر اعظم
کراچی (آئی این پی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین بابر اعظم نے کہا ہے کہ ویرات کوہلی لیجنڈ ہے میں اس کا عشر عشیر بھی نہیں ،میرا ان سے کوئی موازنہ نہیں کیا جائے۔کراچی میں ایک انٹرویو کے دوران بابر اعظم کی عمدہ بیٹنگ کارکردگی پر انہیںبھارتی بیٹسمین ویرات کوہلی سے تشبیہ دیتے ہو ئے سوال کیا گیا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف97رنز کی عمدہ اننگ کے بعد آپ کا کردار پاکستانی ٹیم میں وہ ہی ہے جو بھارتی ٹیم میں ویرات کوہلی کا ہے؟اس سوال کے جواب میںنوجوان بلے باز بابر اعظم نے جواب دیتے ہو ئے کہا تھا کہ ویرات کوہلی لیجنڈ ہے میں اس کاعشر عشیر بھی نہیں ہوں ،اتنے بڑے بیٹسمین کا مجھ سے موانہ نہ کیا جائے ۔بابر اعظم نے مزید کہا کہ میری کوشش ضرور ہو تی ہے کہ میں ویرات کوہلی کی طرح کارکردگی پیش کروں اور جو کردار ان کا بھارتی ٹیم کیلئے ہوتا ہے میں بھی وہ ہی کردار پاکستان کیلئے ادا کروں لیکن میرا ان سے کوئی موازنہ نہیں وہ بڑے بیٹسمین ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی بابر اعظم کی تعریف کرتے ہو ئے کہہ چکے ہیں کہ بابر اعظم اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور اس وقت جتنی اچھی بیٹنگ وہ کر رہے ہیں،پاکستان کی بیٹنگ لائن میں ان کا کردار ویسا ہی ہے جیسا ویرات کوہلی کا کردار بھارتی ٹیم کیلئے ہوتا ہے۔