وزیر ریلویز نے سموگ میں محفوظ ترین آپریشن کیلئے اقدامات کی ہدایات کردی
اسلام آباد(خبر نگار)وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے سموگ میں محفوظ ترین آپریشن اور مسافروں کی حفاظت کے لیے اقدامات کر نے کی ہدایات کی ہے ، تمام سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر عملدرآمدیقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حفاظت ، رفتار اور خدمت پاکستان ریلویز کا ماٹو ہیں ، ریلوے کارکن سموگ میں زیادہ توجہ ، دھیان اور فرض شناسی سے ذمہ داریاں سرانجام دیں ۔ ترجمان ریلویز نے کہا ہے کہ سموگ والے علاقوں میں ٹرینوں کی حد رفتار کو کم رکھا جائے ۔ حدِنگاہ کم ہونے پر ٹرین کی رفتار کو 10 سے 25 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار پر چلایا جائے۔ سموگ ، دھوئیں اور دھند کا مرکب ہے اس میں ڈرائیورکو تمام سگنل واضح نظر آنے چاہیں تاکہ محفوظ ٹرین آپریشن کو یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے مزید کہاکہ ریلوے انتظامیہ ٹائم ٹیبل کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی تاہم سموگ کی وجہ ٹرینوں کی آمدورفت میں کچھ تاخیر ہوسکتی ہے جس پر معذرت خواہ ہیں۔