پولیس میں میرٹ پر جزاء و سزا کا سلسلہ جاری رہے گا: محمد ادریس
ملتان (کرائم رپورٹر) ریجنل پولیس آفیسرمحمد ادریس احمد نے گزشتہ روز دفتر میں اردل روم کا انعقاد کیا جہاں انہوں نے پولیس افسران و ملازمین کو دی گئی سزائوں کے خلاف اپیلوں کی سماعت کی اور احکامات جاری کئے ۔ اس موقع پر آر پی او نے کہا کہ پولیس افسران اپنے آپ کو ڈسپلن کا پابند کریں ۔ پولیس رولز کی خلاف ورزی کے مرتکب پولیس افسران کو سخت احتسابی عمل سے گزرنا پڑے گا۔ جو محکمہ سے برخاستگی بھی ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرٹ پر جزا ء و سزا کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انسپکٹر محمد اسلام کو کرپشن ثابت ہونے پر محکمہ سے برخاست کر دیا گیا تھا جس کی اپیل کی سماعت کرتے ہوئے آر پی او نے ایس ایس پی‘آپریشنز کو حکم دیا کہ وہ ایس ایس پی آر آئی بی ،ایس پی ہیڈ کوارٹر، ایس پی گلگشت اور اے ڈی آئی جی کی جانب سے کی گئی انکوائریز کو مد نظر رکھ کر اس کیس کی دوبارہ انکوائری کریں ۔ سب انسپکٹر کمال ناصر وہاڑی نے پنجاب کانسٹیبلری سے واپسی پر 23دن کے بعد حاضری دی تھی جس بناء پر اس کو 23یوم بلاتنخواہ کی سزا دی ۔ اسسٹنٹ سب انسپکٹرز محمد ریاض خانیوال ، غلام شبیر خانیوال اور محمد عمران لودھراں کی ایک ایک سال سروس ضبطی کی اپیلوں کو اس بناء پر مسترد کر دیا۔ کہ انہوں نے اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں غفلت لا پرواہی اور غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ اسسٹنٹ سب انسپکٹر عبد الرحمٰن ،محرر تھانہ چہلیک ، پولیس سٹیشن اسسٹنٹ جہانزیب او ر شاہین انجم پولیس سٹیشن اسسٹنٹ تھانہ چہلیک کو بروقت ریکارڈ کی تکمیل نہ کرنے پر سخت وارننگ اور آئندہ محتاط رہنے کی ہدایت کی۔ کنسٹیبل محمد اشرف وہاڑی کی ایک سال سروس ضبطی کی اپیل فائل کر دی۔ برخاست کنسٹیبل غلام مرتضیٰ کو اپنے اعمال نامے میں لسٹ B-Iکا بوگس اندراج کرنے پر اس کی اپیل کو مسترد کر دیا۔ جبری ریٹائرڈ کنسٹیبل قسورر حسین خانیوال کو طویل عرصہ غیر حاضر رہنے پر اس کی اپیل مسترد کر دی۔ سینئر ٹریفک وارڈن انور علی کی چار ماہ کی سروس ضبطی کی اپیل کو پینڈنگ کر دیا۔