پاکستان اور آسٹریلیا کا دفاعی اور سکیورٹی تعاون پر اظہار اطمینان
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر + اے پی اے) پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین دفاع و سلامتی کے دو الگ الگ مذاکرات کے راﺅنڈ منعقد ہوئے آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنی چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل خالد شمیم وائیں اس سلسلے میں ان دنوں آسٹریلیا کے دورے پر ہیں۔ آسٹریلیا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف ڈیوڈہرلے نے ان کے ساتھ مشترکہ طور پر دونوں راﺅنڈز کی صدارت کی۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دفاع و سلامتی کے چھٹے راﺅنڈ کے دوران سلامتی کے مجموعی ماحول اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کی موجودہ سطح اور اس میں اضافہ کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ ون پوائنٹ فائیو کے نام سے دوسرے مذاکراتی سلسلے کے تیسرے راﺅنڈ میں بھی سلامتی کے موضوعات زیر غور آئے۔ جنرل خالد شمیم وائیں نے شرکاءکوبتایا کہ پاکستان کے شدت پسندوں کے چیلنج کا سامنا ہے۔ اے پی اے کے مطابق خطے کی سکیورٹی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور موجودہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ مذاکرات میں افغانستان اور پاکستان کے بارڈر کی صورتحال سمیت افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلاء کے بعد کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔ جنرل خالد شمیم وائیں نے آسٹریلوی وزیر دفاع سٹیفن سمتھ سے بھی ملاقات کی۔