پی ٹی آئی راہنما زید تالپور کیخلاف ٹرائل کے آغاز پر اظہار اطمینان‘ کیس نمٹا دیا گیا
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں سندھ کے علاقے ضلع عمر کوٹ کے تھانہ میں شراب کے نشے میں ایس ایچ او، انسپکٹر تصور جٹ کی سیٹ پر بیٹھ کر اسے اور دیگر پولیس اہلکاروں کو زمین پر بیٹھنے کی ہدایات دینے کے مرتکب پی ٹی آئی کے مقامی رہنما، ملزم نواب زید تالپور اور اس کے بیٹے نواب حسن تالپور کے خلاف از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران پولیس کی جانب سے ملزمان کے خلاف کی جانے والی کارروائی سے متعلق پیش کی گئی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کیس نمٹا دیا ہے ۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل دو رکنی بینچ نے از خود نوٹس کیس کی سماعت کی تو آئی جی سندھ کی جانب سے اس حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی جس کے مطابق ملزم زیدتالپور اور حسن تالپور کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزمان کے خلاف ٹرائل کورٹ میں چالان پیش کرنے کے بعد ان پر فرد جرم عائد کر کے ٹرائل شروع کر دیا گیا ہے، بعدازاں فاضل عدالت نے پولیس کی جانب سے ملزمان کے خلاف کی جانے والی کارروائی کی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔