بے نظیر قتل کیس، پرویز مشرف کے اثاثوں کی تفصیلات کیلئے ایف آئی اے کو 2 مئی تک مہلت
بے نظیر قتل کیس، پرویز مشرف کے اثاثوں کی تفصیلات کیلئے ایف آئی اے کو 2 مئی تک مہلت
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصو صی عدالت کے جج اصغر خان نے بے نظیر بھٹو قتل کیس میں اشتہاری ملزم پرویز مشرف کے اثاثوں کی تفصیلات کیلئے ایف آئی اے کو مہلت دیتے ہوئے سماعت 2 مئی تک ملتوی کردی، عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کو اس کیس میں اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے دائمی وارنٹ گرفتار جاری کر رکھے ہیں گزشتہ روز ایف آئی اے کے انسپکٹر عظمت خان نے پیش ہو کر اثاثوں کی تفصیلات فراہم کرنے کیلئے مزید مہلت طلب کی جس پر عدالت نے درخواست منظور کر کے سماعت ملتوی کردی ۔عدالت نے 4 مقدمات میں شہادت طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی عدالت نے تھانہ تلہ گنگ میں درج اغوا برائے تاوان کے مقدمہ میں نامزدملزم نعیم الرحمن کے خلاف 12 اپریل،سی ٹی ڈی میںدرج بارودی مواد برآمد گی کے مقدمات میں نامزد ملزم دانیال رفیق کے خلاف 12 اپریل،تھانہ واہ کینٹ میں درج اغوا برائے تاوان کے مقدمہ میں نامزد ملزم زبیرکے خلاف 11 اپریل جبکہ ملزم خالد کے خلاف بھی 12 اپریل کو شہادت طلب کرتے ہوئے گواہوں کو سمن جاری کر دیئے ہیں ۔