کراچی‘ واٹر کمیشن کی عبوری رپورٹ پر عدلیہ کا اظہار اعتماد
کراچی (وقائع نگار) جسٹس ریٹائرڈ امیر ہانی مسلم پر مشتمل واٹر کمیشن کی چوتھی عبوری رپورٹ کو سپریم کورٹ نے تسلی بخش قرار دیدیا۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے ہدایت کی کہ واٹر کمیشن کی حتمی رپورٹ نومبر کے آخر تک جمع کرادی جائے۔ سپریم کورٹ کے 3رکنی بنچ کے روبرو رجسٹرار واٹر کمیشن۔ درخواست گزار شہاب اوستو۔ میئرکراچی وسیم اختر سمیت سرکاری افسران و وکلاء پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ واٹر کمیشن کے کام کی وجہ سے کافی بہتری آئی ہے مجھے نہیں معلوم میڈیا اسے کیسے دیکھ رہا ہے جس پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ سرور خان نے کہا کہ میڈیا میں کام کو کافی سراہا جارہا ہے۔ میئر کراچی وسیم اختر نے بتایا کہ کراچی کے 38 بڑے نالوں کی صفائی کا کام کرادیا گیا ہے اب بارش کا انتظار ہے تاکہ کام کا ٹیسٹ ہوجائے۔ جہاں تک تجاوزات کے خاتمے کا معاملہ ہے تو کچھ ابھی باقی ہیں نگران حکومت کے دوران کام رک گیا تھا اب نئی حکومت آگئی ہے تو کام میں تیزی آنے کی توقع ہے عدالت کی توجہ اس جانب مبذول کرائی گئی کہ بعض علاقوں میں 6 منزلہ عمارتوں پر پابندی کے حکم پر عملدرآمد نہیں ہورہا جس پر عدالت نے کہا کہ کرین جہاں کھڑی ہے وہیں کھڑی رہے گی عدالت کے حکم کی خلاف ورزی برداشت نہیں کریںگے۔