خواتین پر کیچڑ اچھالنا بند ہونا چاہئے، مزید تذلیل ناقابل برداشت : مولا بخش چانڈیو
لاہور (ا ین این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی نے خواتین سے متعلق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کے ریمارکس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جو (ن) لیگ میں خواتین کو جتنی بڑی گالی دیتا ہے اسے اتنا ہی بڑا عہدہ ملتا ہے۔پیپلز پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے رانا ثنا اللہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کی توہین اور تذلیل (ن) لیگ کی گھٹی میں شامل ہے۔ گندی سیاست کے لئے خواتین پر کیچڑ اچھالنے کا گھٹیا سلسلہ اب بند ہونا چاہئے۔ بہت ہو گیا خواتین کی تذلیل مزید برداشت نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ وہی رانا ثنا اللہ ہیں جن کو مریم نواز کی کردار کشی پر بینظیر بھٹو نے پارٹی سے نکال دیا تھا، آج وہی رانا ثنا اللہ (ن) لیگی قیادت کی آنکھ کا تارا ہے، خواتین کے متعلق رانا ثنا اللہ کی بدزبانی پر لیگی قیادت کی خاموشی مشکوک ہے۔انہوں نے کہا نواز شریف نے سیاست کا آغاز ہی مادر جمہوریت نصرت بھٹو اور محترمہ شہید کی کردار کشی سے کیا۔ افسوس کے مریم نواز بھی خواتین کی کردار کشی پر خاموش ہیں۔ (ن) لیگ اور تحریک انصاف کا خواتین کے متعلق رویوں میں کوئی خاص فرق نہیں۔