پورا کشمیر اٹوٹ انگ ہے، آزاد کشمیر بھی واپس لیں گے: بھارت کی دھمکی
نئی دہلی(صباح نیوز)بھارت نے دھمکی دی ہے کہ آزاد کشمیر کو بھی واپس لیا جائے گا۔ بھارتی وزیراعظم کے ترجمان نے جمعہ کے روز ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ آزاد کشمیر سمیت تمام کشمیر بھارتی اٹوٹ انگ ہے۔ بھارت کو کشمیر کی ملکیت کا اختیار ہے۔ بھارت پورا کشمیر حاصل کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریگا۔ یاد رہے جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا تھا کہ جموں و کشمیر میں آبادی کے تناسب کو بدلنے یا نئی آبادیاں بسانے کی کوئی بھی کوشش اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف وزری ہوگی۔ کیونکہ جموں و کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے۔ علاوہ ازیں بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے نئی دہلی میں ’’بی ایس ایف‘‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کبھی بھی پہلے حملہ نہیں کرے گا لیکن اگر حملہ ہوا تو پیچھے بھی نہیں ہٹے گا اور سرحد پار سے ہونے والی گولہ باری اور فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ بھارتی وزیر داخلہ نے کہا کہ محفوظ سرحدیں ملک کی ترقی کیلئے انتہائی اہم ہیں بی ایس ایف نہ صرف زمینی سرحدوں بلکہ بنگلہ دیش اور گجرات کے ساتھ ساحلی سرحدوں کی حفاظت میں اہم خدمات انجام دے رہی ہے۔ بھارتی وزیر نے حکومت کی طرف سے بی ایس ایف کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت فورس کو جدید ہتھیار اور سازوسامان فراہم کرے گی۔