سات ماہ سے کشمیر کا دنیا سے رابطہ منقطع‘ عالمی برادری نوٹس لے: راجہ اعجاز خان
لاہور (پ ر) عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں امن مشن کے مبصرین بھیجے۔ اسی لاکھ سے زائد کشمیریوں کی جان کو خطرہ ہے‘ ہزاروں بے گناہ کشمیریوں کو گرفتار کر کے جیل میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکومت پاکستان کوشش کرے کہ بھارتی فوج کو واپس بھجوا کر وہاں عالمی مشن کے مبصرین کو تعینات کیا جائے۔ کرفیو اور دیگر پابندیاں ختم کی جائیں۔ دوائیں اور خوراک مہیا کی جائیں۔ سعودی عرب و دیگر عرب ممالک کی اس سلسلہ میں مجرمانہ خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار جموں و کشمیر ویلفیئر سوسائٹی کے صدر راجہ اعجاز خان نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا رابطہ دنیا بھر سے منقطع ہوئے آج سات ماہ ہو چکے ہیں جس کے پردہ میں نہتے کشمیریوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔