ٹی ٹوئنٹی رینکنگ: پاکستان بدستور نمبر ون‘ بھارت کی مزید تنزلی‘ بابر اعظم کی پوزیشن بھی برقرار
دبئی(آئی این پی)انٹرنیشنل کر کٹ کونسل(آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں دوسرے نمبر پرموجودبھارتی ٹیم کا ٹاپ پر موجود پاکستان سے فاصلہ مزید بڑھ گیا۔آسٹریلیا سے شکست کے بعد 2پوائنٹس کٹوتی کے بعد بلو شرٹس کے پوائنٹس اب 122رہ گئے جبکہ گرین شرٹس کے 135پوائنٹس ہیں۔اسی طرح بیٹسمینوں میں بابر اعظم بدستور نمبر ون پوزیشن سنبھالے ہوئے ہیں، 2درجہ بہتری سے گلین میکسویل تیسرے نمبر پر پہنچ چکے، آئرلینڈ کیخلاف شاندار بیٹنگ کرنے والے افغانستان کے حضرت اللہ زازئی ایک ساتھ 31درجے کی جست لگا کرساتویں پوزیشن پر آگئے، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں آسٹریلیاسے ہوم سیریز میں شکست نے بھارت کے پوائنٹس ایک سوچوبیس سے ایک سوبائیس کردیے ہیں جس کے بعد ایک سوپینتیس پوائنٹس کے ساتھ پاکستان کی ٹاپ پوزیشن مستحکم ہوگئی ہے۔آسٹریلیانے ایک سوبیس پوائنٹس کے ساتھ جنوبی افریقاکی جگہ تیسرے نمبرپرترقی کرلی ہے۔جنوبی افریقااورانگلینڈ یکساں ایک سواٹھارہ پوائنٹس لیکر چوتھے اورپانچویں نمبر پرہیں۔پاکستان کے بابراعظم بدستوردنیاکے نمبرون ٹی ٹوئنٹی بیٹسمین ہیں۔ کولن منرو کا دوسرا نمبرہے۔ آسٹریلیاکے گلین میکس ویل بھارت کے مقابل ترپن اورایک سوتیرہ رنز کی شانداراننگز کے بدولت دودرجہ ترقی پاکرتیسری اورآئرلینڈ کے مقابل ایک سو اٹھہتررنز کی بے مثال بیٹنگ کرنے والے افغان حضرت اللہ زازئی اکتیس درجہ ترقی کے بعد ساتویں پوزیشن پرپہنچ گئے۔ فخرزمان کی تین درجہ تنزلی کے بعدنویں پوزیشن ہے۔بولنگ میں افغان لیگ اسپنرراشدخان کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔ پاکستانی اسپنرز شاداب خان اورعماد وسیم ایک ایک درجہ ترقی پا کر دوسرے اورتیسرے نمبر پربراجمان ہوگئے۔ ٹاپ ٹین میں تیسرے پاکستانی بولرفہیم اشرف کی نویں پوزیشن برقرار ہے۔