کراچی گڈز کیرئیرایسوسی ایشن کا آج سے ہڑتال کا اعلان، نیٹو کنٹینرز کی ترسیل بند جبکہ ملک بھر میں پچاس ہزارٹرکس بھی نہیں چلیں گے۔
کراچی پریس کلب میں نیوزکانفرنس کرتے ہوئے صدرکراچی گڈزکیرئیرایسوسی ایشن نورخان نیازی نے کہا کہ حکومت اپنے اخراجات میں کمی کرکے عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کے اضافے کو برداشت کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لیا گیا تو غیر معینہ مدت تک ہڑتال کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی پورٹ، پورٹ قاسم اور لانڈھی کورنگی انڈسٹریل ایریا کے علاوہ شہر سے جانے والے تمام سامان کی ترسیل مکمل طور پر بند رکھی جائے گی۔ نورخان نیازی کا کہنا تھا کہ ٹرک سٹینڈ پرسامان کی بکنگ اورڈیلیوری بھی نہیں کی جائے گی۔ پریس کانفرنس سے پہلے ٹرانسپورٹرز نے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو واپس لینے کی اپیل کی۔