بھارت آج 31پاکستانی ماہی گیروں کو حکام کے حوالے کریگا‘ مزید 19کو عنقریب رہا کرنے کا اعلان
اسلام آباد/ نئی دہلی (اے پی پی+ اے این این) بھارت آج جذبہ خیرسگالی کے تحت 31پاکستانی ماہی گیروں کو اٹاری کے راستے پاکستانی حکام کے حوالے کرے گا۔ بھارتی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ان 31ماہی گیروں کی قومیت کی پاکستانی حکام نے تصدیق کر دی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مزید 19ماہی گیروں کی رہائی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور عنقریب انہیں بھی رہا کر دیا جائیگا۔ بھارتی وزارت خارجہ نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی جیلوں سے 500سے زائد بھارتی ماہی گیروں کی رہائی کیلئے بھی جلد اقدامات کئے جائیں گے۔ یاد رہے کہ پاکستان نے 100بھارتی ماہی گیر 26دسمبر کو جذبہ خیرسگالی کے تحت بھارت کے حوالے کئے تھے۔