کراچی ‘ حیدر آباد میں کرکٹ میچوں کے دوران 3 کھلاڑی جاں بحق
کراچی (اسپورٹس رپورٹر)کراچی اور حیدر آباد میں دو مختلف کرکٹ میچز کے دوران تین کھلاڑی دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگئے۔ قائد آباد کراچی کے علاقہ ریڈیو پاکستان کالونی میں جاری مقامی کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں وقار اسپورٹس کے خلاف بیٹنگ کے دوران 33 سالہ جانداد خان کو دل کا دورہ پڑگیا۔ طبی امداد کے لیے اسپتال لے جاتے ہوئے وہ راستے میں انتقال کرگیا۔ زون 5 کے نیو پیرا مانٹ کرکٹ کلب کی نمائندگی کرنے والا جانداد خان کا آبائی تعلق بنوں سے تھا جبکہ وہ گل احمد چورنگی کا رہائشی اور مزدوری کیا کرتا تھا۔ جانداد خان کی 9 ماہ کی بیٹی بھی ہے۔جان بحق نوجوان کرکٹر کو لانڈھی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ حیدر آباد میں ونٹر کلب کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوران لیاقت کالونی کرکٹ کلب کے کپتان عمران انتظام کو میچ کے دوران سینے میں تکلیف شروع ہوئی، انہیں فوری طور پر اسپتال لیجایا گیا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ 14 نومبر کو کراچی کے ڈاؤ یونیورسٹی گراؤنڈ میں ایک میچ کے دوران بھی ایک کھلاڑی دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔ واضح رہے کہ حالیہ کچھ عرصے میں کرکٹ میچز کے دوران کھلاڑیوں کو دل کا دورہ پڑنے کے واقعات میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔