پاکستان فٹبال فیڈریشن کے منتخب عہدیداران کو ملتانی ہاوس کا قبضہ نہ مل سکا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ کی جانب سے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے حق میں فیصلہ کے باوجود منتخب عہدیداران کو پی ایف ایف ہاوس لاہور کا قبضہ نہ مل سکا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان فٹبال فیڈریشن کے سیکرٹری کرنل (ر) احمد یار لودھی، سینئر نائب صدر سید خادم علی شاہ، نائب صدر سردار نوید حیدر دیگر عہدیداران گذشتہ روز فیفا فٹبال ہاوس پہنچے تو گیٹ پر تالا ہوا تھا جبکہ ایڈمنسٹریٹر جسٹس (ر) اسد منیر جنہوں نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے عہدیداران کو ایک روز قبل فیصلہ کی کاپی کے ساتھ فٹبال ہاوس آنے کی دعوت دی تھی لیکن وہ خود ہی نہیں آئے۔ جبکہ سکیورٹی پر مامور اہلکار فٹبال ہاوس کی عمارت کے اندر سے تمام معاملات کا جائزہ لیتے رہے تاہم کوئی باہر نہ آیا۔ بعد ازاں پاکستان فٹبال فیڈریشن کے سینئر نائب صدر سید خادم علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ کے حکم پر آج فیفا فٹبال ہاوس کا قبضہ لینے کے لیے آئے تھے لیکن افسوس وعدہ کے مطابق جسٹس (ر) اسد منیر یہاں موجود نہیں ہیں۔ اب آج بروز جمعرات کو کہا جا رہا ہے کہ وہ کراچی سے آئیں گے تو قبضہ دینگے۔