انگلینڈ میں تمام قومی کرکٹرز آفیشلز کے کرونا ٹیسٹ منفی، کرکٹ سرگرمیوں کی اجازت
لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) انگلینڈ میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کے کرونا ٹیسٹ منفی آگئے۔ 20کھلاڑیوں اور 11آفیشلرز کے ٹیسٹ گزشتہ روز لیے گئے تھے۔ کرونا ٹیسٹ کی نئی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ تمام قومی کرکٹرز کروناوائرس سے محفوظ ہیں، ان میں کسی قسم کی کوئی وبائی علامتیں بھی نہیں ہیں۔باولنگ کوچ وقاریونس اور کلف ڈیکن کی ٹیسٹ رپورٹ بعد میں آئیگی۔ ٹیسٹ منفی آنے کے بعد اب قومی کرکٹ ٹیم کا ٹریننگ پلان ترتیب دیا جائیگا۔ کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کے تیسری بار کرونا ٹیسٹ کرائے گئے، تمام کھلاڑی، کوچز، گراؤنڈ اور ہوٹل سٹاف سب کے 3 بار ٹیسٹ ہوئے، تمام آفیشلز اور کھلاڑیوں کی رپورٹس کلیئر ہیں۔قومی سکواڈ کی انگلینڈ میں پہلی ٹیسٹنگ کی رپورٹس پاکستان کرکٹ بورڈ کو موصول ہوچکی ہیں۔ ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے پر قومی کھلاڑیوں کو ووسٹر میں ٹریننگ کی اجازت مل گئی۔ تاخیر سے سکواڈ جوائن کرنے والے ظفر گوہر اور کلف ڈیکن کی رپورٹس ابھی ملنا باقی ہیں ۔ کھلاڑی 13جولائی کو ڈربی شائر روانہ ہوجائیں گے ۔ تیسری کروناوائرس ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے پر محمد حفیظ سمیت دیگر 6 کھلاڑی دورہ انگلینڈ کیلئے اہل ہوگئے ہیں، جلد روانگی کا اعلان کیا جائیگا۔ کھلاڑیوں میں فخرزمان، محمدحسنین، محمدحفیظ، محمدرضوان، شاداب خان اور وہاب ریاض شامل ہیں۔ تمام کھلاڑیوں کی کرونا ری ٹیسٹنگ29 جون کو ہوئی تھی۔ پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں کی روانگی کی تفصیلات جاری کی جائیں گی۔