ماتحت عدلیہ کے ججوں کی مکمل تفصیلات رواں ہفتے الیکشن کمشن کو ارسال کی جائینگی
لاہور (رپورٹ جاوید یوسف) ملک بھر کے سیشن ججوں، ایڈیشنل سیشن ججوں، سینئر سول ججوں، سول ججوں اور جوڈیشل مجسٹریٹوں کی مکمل تفصیلات عدالتوں کی موسم سرما کی تعطیلات کے بعد جنوری کے پہلے ہفتہ میں الیکشن کمشن پاکستان کو ارسال کی جائیں گی۔ سپریم کورٹ نے ماتحت عدلیہ کی خدمات الیکشن کمشن کے سپرد کرنے کا فیصلہ ایک ماہ قبل کیا تھا۔ اس فیصلہ کے مطابق ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججوں کو ڈی آر او اور ایڈیشنل سیشن ججوں کو ایڈیشنل آر او تعینات کیا جا رہا ہے۔ کمشن دیگر وفاقی اور صوبائی محکموں کے افسروں اور دیگر عملہ کی خدمات بھی الیکشن کمشن کے حوالے کی جائیں گی۔ ماتحت عدلیہ کی فہرستیں صوبوں کے ہائی کورٹس کے رجسٹرار صاحبان ارسال کریں گے جبکہ وفاقی اور صوبائی محکموں کے افسروں اور دیگر عملہ کی فہرستیں اسٹیبلشٹمنٹ ڈویژن اور چیف سیکرٹریوں کے ذخائر سے الیکشن کمشن کو بھیجی جائیں گی۔ ملک کے چاروں صوبوں میں سو سے زائد سیشن جج بارہ سو کے قریب ایڈیشنل سیشن جج اور ہزاروں سول جج اور جوڈیشل مجسٹریٹ تعینات ہیں جن کے ذمے صاف شفاف انتخابات کرانے کا کام ہو گا۔