گورنر سندھ کی آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات
کراچی (کامرس رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ امن و امان کے قیام کے بعد شہر کراچی میں معاشی، اقتصادی، سماجی ، تجارتی، ثقافتی، کھیلوں سمیت دیگر سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں، کراچی کی رونقیں بحال ہوگئی ہیں جہاں رات گئے تک کاروبار زندگی رواں دواں رہتا ہے اور ان سرگرمیوں سے دنیا بھر میں کراچی کا مثبت امیج ابھر کے سامنے آیا ہے جوکہ خوش آئند امر ہے، شہر سے دہشت گری، بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور اغواء برائے تاوان کے بعد حکومت کی بھر پور توجہ اسٹریٹ کرائمز سمیت دیگر جرائم کے خاتمے پر مرکوز ہے۔ اس ضمن میں امن و امان کے قیام میں پاک فوج، رینجرز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو کسی بھی صورت فراموش نہیں کیا جاسکتا ، حکومت تاجروں کو بہتر ماحول فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے کیونکہ ملکی معیشت کی بہتری کے لئے ضروری ہے کہ کاروباری حضرات کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن کے 14 رکنی وفد سے ملاقات میں کیا ۔ وفد کی سربراہی اتحاد کے صدر محمد شرجیل گوپلانی کررہے تھے۔ وفد میں محمد احمد شمسی ، محمد زبیر علی خان، سید محمد سعید، عاطف طارق ، محمد ایوب چودھری، محمد زبیر میمن، محمد اسلم ، محمد طارق ممتاز، اشرف عیسانی ، محمد عدنان، ذاہد امین، محمد فیصل، محمد علی اور انصار بیگ قادری بھی شامل تھے۔ملاقات میں امن و امان ،کراچی میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات ، انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی ، نکاسی و فراہمی آب کے منصوبے ، تاجروں کے مسائل ، درپیش مشکلات اور حائل رکاوٹوں سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنر سندھ آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے جلد ان کی میٹنگ وفاقی وزیر برائے کامرس سے کروانے کا عندیہ دیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ آج کا پاکستان پر امن اور معاشی خوشحالی کی سمت گامزن ہے، پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی میں معاشی ،ا قتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں تاجروں کا کردار ناقابل فراموش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کے مسائل اور درپیش مشکلات کے خاتمہ کے لئے وفاق ہر ممکن تعاون ، مدد اور معاونت فراہم کررہا ہے اس ضمن میں تجارتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی کے لئے بھرپور اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے ، کراچی ترقیاتی پیکج میں بھی تجارتی علاقوں میں نکاسی و فراہمی آب اور انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی کو خصوصی اہمیت حاصل ہے ۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ خوشحال تاجر خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے ، تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے ،روزگار کی فراہمی میں تجارتی سرگرمیاں اہم ثابت ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر سے بڑے جرائم کے خاتمہ کے بعد حکومت کی بھرپور توجہ چھوٹے جرائم کی بیخ کنی پر مرکوز ہے۔