عید پر غریبوں کی مدد کریں، صدر: قربانی احتیاطی تدابیر کیساتھ: وزیراعظم
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) صدر مملکت نے عید الاضحی کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یقیناً یہ خوشی کا موقع ہماری زندگی میں ڈھیروں مسرتیں اور کامرانیاں لے کر آئے گا۔ اللہ تعالی نے اپنے برگزیدہ بندوں کو مختلف امتحانات میں ڈال کر آزمایا۔ یہ بزرگ ہستیاں ان امتحانات میں پوری طرح سرخرو ہوئیں جس میں ہمارے لیے یہ درس ہے کہ آزمائش اور امتحان کی صورتحال میں ثابت قدم رہنا اور مقصد کے حصول میں ہر قسم کی قربانی کے لیے تیار رہنا ہی کامیابی کی کنجی ہے۔ اس وقت کرونا وائرس کی وجہ سے ساری دنیا پریشان ہے۔ تمام انسانیت کسی نہ کسی طرح اس وبا سے متاثر ہوئی ہے۔ اس وبا نے معاشی طور پر ساری دنیا کو بڑے نقصان سے دوچار کیا ہے۔ بڑی بڑی طاقتور حکومتیں اپنے عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مشکلات سے دوچار ہیں۔ میری پوری قوم سے درخواست ہے کہ عید قربان کے اس موقع پر قربانی کے جذبے سے سرشار ہو کر غریبوں اور ضرورت مندوں کی بڑھ چڑھ کر مدد کی جائے۔ کرونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر کو ہر گز نظر انداز نہ کیا جائے۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر قربانی کا مقصد اس عزم کا اعادہ ہے کہ راہ حق پر چلنے اور عزیمت اور استقامت اختیار کرنے میں ہمیں جو بھی مشکلات پیش آئیں اور جیسی بھی قربانی دینی پڑے ہم اس سے دریغ نہیں کریں گے۔ ساری دنیا اس وقت انتہائی نازک صورتحال سے گزر رہی ہے۔ کرونا وائرس کی وبا ساری انسانیت کے لیے ایک چیلنج بن کر آئی ہے۔ اس وبا نے دنیا بھر میں معاشرتی اور اقتصادی نظام کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ قوم سے یہ درخواست ہے کہ عید قربان کے موقع پر تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے قربانی کا واجب سر انجام دیتے ہوئے غریب اور ضرورت مند طبقے کو بھی اپنے ساتھ شامل رکھیں۔