پی او اے نے نیشنل گیمز کی میزبانی بلوچستان سے لیکر خیبر پی کے کو دیدی
لاہور( سپورٹس رپورٹر) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے جنرل کونسل اجلاس میں گذشتہ کئی سال سے التوا کا شکار 33 ویں نیشنل گیمز کی میزبانی بلوچستان سے لیکر صوبہ خیبر پی کے کو سونپ دی گئیں۔ نیشنل گیمز رواں سال اکتوبر میں منعقد ہونگی۔ اس موقع پر یہ بھی فیصلہ ہوا کہ بلوچستان اگلے سال نیشنل گیمز کی میزبانی کرے گا۔ فیصلہ کیا گیا کہ حکومت پر زور دیا جائے کہ وہ 13 ویں ساوتھ ایشین گیمز جو کہ نیپال میں ہونگی اس میں شرکت اور اسکی تیاری کیلئے ہنگامی اقدامات کرئے۔ اور قومی دستے کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ جنرل کونسل اجلاس میں 16 انفرادی ممبران کا بھی انتخاب عمل میں لایا گیا جن میں جہانگیر خان‘ اصلاح الدین صدیقی‘ نوید عالم‘ حافظ سلمان بٹ‘ سید عابد قادری‘ احتشام الحق‘ افتخار احمد تبسم‘ فاطمہ لاکھانی‘ وینا سلمان مسعود‘ بیگم عشرت اشرف‘ عندلیب سندھو‘ سمیرا ستار‘ شمیم اختر‘ عنبرین افتخار‘ نرگس رحمت اللہ اور شگفتہ ملک شامل ہیں۔ اجلاس میں پی او اے الیکشن کمیشن کا اعلان کیا گیا جس میں پشاور ہائیکورٹ کے سابق جج جسٹس ( ر) قاضی احسان اللہ قریشی کو چیئرمین ممبران میں منظور الحسن سینئر‘ لیفٹیننٹ کرنل (ر) خالد حسین‘ سعید اقبال خان‘ علی رضا جبکہ پرویز احمد سیکرٹری ہونگے۔ اس موقع پر تین رکنی الیکشن ٹربیونل میں محمد حنیف کھٹانہ چیئرمین‘ کرنل (ر) مدثر اصغر اور علی رضا شامل ہیں۔ اجلاس میں فاٹا اولمپک ایسوسی ایشن کی خیبر پی کے اولمپک ایسوسی ایشن میں ضم کی منظوری دی گئی۔