حضرت علیؓ کی تلوار سے اسلام دشمنوں پر دھاک بیٹھ گئی: اشرف آصف جلالی
لاہور (خصوصی نامہ نگار)تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے زیر اہتمام مرکز صراط مستقیم تاج باغ لاہور میں خلیفہ چہارم حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے یوم ولادت کے سلسلہ میں شان علی المرتضیٰ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے مرکزی چئیرمین ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا فضائل علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا بیان زبان رسالت ﷺ کا امت کے لیے خوبصورت تحفہ ہے ۔ حضرت علی المرتضیٰ حق کی کھلی کتاب اور آفتاب تھے۔ آپ کی محبت، ایمان اور آپ سے بغض، منافقت ہے۔ آپ کی تلوار سے دور دور تک اسلام کی دھاک بیٹھ گئی آغوش نبوت میں تربیت پانے کی وجہ سے آپ منفرد مقام کے حامل ہیں۔ آپ تاجدار ولایت اور مرکز روحانیت قرار پائے، نظام مصطفیﷺ اور خلافت راشدہ کے لحاظ سے آپ نے بے مثال خدمات سرانجام دیں، آپ کی سیرت اور بصیرت گلشن انسانیت کی بہار ہے ،آپ نے ذات رسول اللہﷺ کے آداب کو امتِ مصطفیٰﷺ میں رائج کرنے کا سنہری کردار ادا کیا۔