پاکستان میں قیادت سمیت ہر شخص امریکہ کے ہاتھوں بک چکا، بریگیڈئر ”ر“ محمد یوسف
لاہور (خبرنگار) معروف دفاعی تجزیہ نگار اور آئی ایس آئی کے سابق سینئر افسر بریگیڈئر (ر) محمد یوسف نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے دوستوں دشمنوں کی پہچان نہیں امریکہ ہمارا دشمن ہے مگر ہم اسے اپنا دوست سمجھتے ہیں اور اسی کے کہنے پر اپنے ہی عوام کو مار رہے ہیں۔ بدقسمتی سے ہماری قیادت سمیت ہر شخص بکا ہوا ہے یا بکنے کو تیار ہے۔ افغان صدر کرزئی بھی امریکی پشت پناہی پر پاکستان پر الزام تراشی کی جرات کرتا ہے۔ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ڈرون حملے میں دو افراد مارے گئے مگر امریکی اخبار نے خبر دے دی کہ یہ دو افراد پاکستانی جنگی جہاز کی بمباری میں مارے گئے۔ آئی ایس پی آر نے وضاحت کر دی کہ پاکستانی طیاروں نے اس دن کوئی آپریشن نہیں کیا مگر ہماری قیادت کو امریکی دعوے کو جھٹلانے کی ہمت نہیں ہوئی۔ ہمارے ملک میں ہر ایک گھنٹے بعد لوڈشیڈنگ ہوتی ہے مگر امریکہ نے ہماری یہ توانائی کمی پوری کرنے کیلئے کوئی مدد نہیں کی۔ البتہ بھارت سے سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی کا معاہدہ کر لیا جس کی وجہ بھارتی قیادت کا محب وطن ہونا ہے ہمارے ہاں تو ہر لیڈر پیسہ کمانے میں لگا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو گوادر بندرگاہ چین کو دینے اور ایران سے گیس، بجلی کی درآمد کا معاہدہ چبھ رہا ہے۔ اس لئے ہمارے ہاں دہشت گردی بڑھ گئی ہے۔ مگر ہمیں ایران سے گیس منصوبے کو مکمل کرنا ہو گا اس سے بجلی کی کمی دور کی جا سکے گی۔