آل کراچی محمد موسیٰ بلوچ فٹبال ٹورنامنٹ ‘ شہید علی نواز کلب نے جیت لیا
کراچی(اسپورٹس رپورٹر)دلبود محمڈن فٹبال کلب کے زیر اہتمام آل کراچی محمد موسیٰ بلوچ رمضان المبارک یادگاری فٹبال ٹورنامنٹ شہیدعلی نواز کلب نے جیت لیا۔ فائنل میں شہید علی نواز نے صاحبداد یوتھ کو دلچسپ مقابلے کے بعد ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دی فاتح ٹیم کی طرف سے سکندر ، سلمان ، بلال نے گول اسکور دیئے جبکہ صاحبداد یوتھ کا واحد گول ان کے کھلاڑی کاکا نے اسکور کیا۔ فائنل میچ دیکھنے کیلئے شائقین فٹبال بہت زیادہ بے تاب نظر آئے اور کھیل کے آغاز سے ہی شہید علی نواز یوتھ کو میچ پر حاوی دیکھتے ہوئے محظوظ ہوتے رہے۔ میچ کے آٹھویں منٹ میں سلمان نے اپنی ٹیم کو برتری دلادی، جس کے بعد بارہویں منٹ میں دوسرا گول اسکور کرکے بلال نے اپنی ٹیم کو دو کے مقابلے میں صفر کے ساتھ برتری کو برقرار رکھا۔ صاحبداد یوتھ دو گول کے خسارے میں جانے کے بعد صاحبداد یوتھ نے اپنی کوششیں جاری رکھیں اور اس طرح ان کے کھلاڑی کاکا اپنی ٹیم کا واحد گول اسکور کرنے میں کامیاب ہوگئے ۔ وقفہ کے دورآن دونوں ٹیموں کا تعارف PS-127کے سابق صدر نعمان عبداللہ مراد سے کرایا گیا ۔ ان کے ہمراہ محمد حسن بلوچ، واحدبلوچ، کونسلر سمیر بلوچ، فدا لاشاری، زبیر بلوچ، سنی بلوچ، شعیب اور محمد لاشاری بھی موجود تھے۔ وقفہ کے بعد شہید علی نواز کے کھلاڑیوں نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور ان کے کھلاڑیوں سلمان، بلال اور سکندر نے ایک ایک گول کرکے اپنی ٹیم کو پانچ کے مقابلے میں ایک گول کی برتری دلاکر شہید علی نواز کلب کو سرخرو کیا اور ٹرافی اپنے نام سجالی۔آخر میں مہمان خصوصی نعمان عبداللہ مراد نے دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو ٹرافیاں اور دیگر انعامات اور کیش پرائز پیش کیئے۔