مجید نظامی نے نظریاتی سرحدوں کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کیا: جاوید امامی
سیالکوٹ (پ ر) معمار نوائے وقت ڈاکٹر مجید نظامی کی دوسری برسی کی مناسبت سے ڈیرہ باب الفت محلہ حضرت امام صاحب میں اوورسیز پاکستانی جرنلسٹس فورم‘ ادارہ تعمیر اخلاق پاکستان بزم نعت رسولؐ اور سلام پارٹی کے باہمی اشتراک سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برصغیر کی عظیم روحانی درگاہ حضرت سید امام علی الحق شہید المعروف حضرت امام صاحب کے سجادہ نشین ابو سعدیہ سید جاوید علی شاہ امامی و دیگر نے کہا کہ ڈاکٹر مجید نظامی جیسی نابغہ روزگار شخصیات دنیا میں بار بار جنم نہیں لیتیں۔ مجید نظامی زندگی بھر آمریت کے خلاف جہاد کرتے رہے۔ وہ پاکستان کی نظریاتی اساس کے امین تھے اور انہوں نے ہمیشہ جابر حکمران کے سامنے کلمہ حق بلند کرکے دنیائے صحافت میں منفرد مقام پایا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نظریہ پاکستان کے عظیم علمبردار تھے اور زندگی بھر غیر جمہوری قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہے۔ مجید نظامی کی صحافتی خدمات مشعل راہ ہیں جوکہ تاریخ میں سنہری حروف سے رقم ہوں گی۔ ابو سعدیہ سید جاوید علی شاہ امامی نے کہا کہ پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے تحفظ میں مجید نظامی نے کلیدی کردار ادا کیا جبکہ جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کے سلسلہ میں وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کو ایٹمی دھماکہ کرنے پر مجبور کرکے دفاع پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے میں ناقابل فراموش کردار ادا کیا۔ وہ ایک عظیم صحافی ہونے کے ساتھ ساتھ سچے اور کھرے پاکستانی بھی تھے اور پوری زندگی پاکستانیت کے فروغ کیلئے کام کرتے رہے۔ آج وسیع تر قومی مفاد کی خاطر مجید نظامی کے افکار پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔