’’اوکے جنرل باجوہ بیسٹ آف لک‘‘ راحیل شریف کے الوداعی کلمات، 3 ہفتے قبل آرمی ہائوس سے سامان بھجوا دیا تھا، لاہور آگئے جوانوں نے زندہ باد کا نعرہ لگا کر رخصت کیا
راولپنڈی+ اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں) جنرل راحیل شریف نے کمان سنبھالنے کی تقریب میں سربراہ پاک فوج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب کے بعد سابق آرمی چیف کو فوجیوں نے زندہ باد کا نعرہ لگا کر خدا حافظ کہا جبکہ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ جب انہیں رخصت کرنے پہنچے تو راحیل شریف نے گاڑی میں بیٹھتے ہوئے کہا ’’او کے‘‘ جنرل باجوہ بیسٹ آف لک، جس کے بعد راحیل شریف اپنی اہلیہ کیساتھ گاڑی میں بیٹھ کر روانہ ہوگئے۔ جنرل (ر) راحیل شریف نے سبکدوش ہونے سے 3 ہفتے پہلے ہی آرمی ہائوس خالی کردیاتھا اور سامان بھجوا دیا تھا گزشتہ روز آرمی ہائوس واپس نہیں گئے اور دفتر سے سامان لے کر روانہ ہو گئے اور فوج کی کمانڈ نئے آرمی چیف کو سونپنے کے بعد آرمی ہائوس واپس جانے کے بجائے سیدھے لاہور روانہ ہو گئے جہاں بیدیاں روڈ پر ان کا ذاتی گھر ہے۔ واضح رہے کہ جنرل (ر) راحیل فوج کی طرف سے ملنے والا پلاٹ پہلے شہداء کے خاندانوں کیلئے وقف کر چکے ہیں۔ آرمی ہائوس قبل از وقت خالی کرکے انہوں نے ایک اور قابل تقلید مثال قائم کردی۔