پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر آئیں: جاوید ہاشمی
ملتان ( سپیشل رپورٹر) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ حالات پریشان کن ہیں۔ سیاسی جماعتیں اور ادارے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی مفاد کو ترجیح دیں۔ سی پیک منصوبہ گیم چینجر ہے جو ملک دشمن قوتوں کو ہضم نہیں ہو رہا۔ سیاسی و سماجی رہنما حبیب سنگھیڑا کی طرف سے دئیے گئے عشائیہ میں شرکت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ ہماری آپس کی تقسیم کا فائدہ دشمن کو ہو گا۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تمام سیاسی جماعتیں اور ادارے اختلافات ختم کرکے ایک پیج پر اکٹھے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری عمل چلتے رہنا چاہئے۔ ملک اب مزید کسی انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ عشائیہ کی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالرحمن کانجو نے کہا کہ ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے سب کو ساتھ مل کر چلنا چاہئے۔ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور الیکشن وقت پر ہی ہوں گے۔ عشائیہ کی تقریب میں ایم این اے رانا قاسم نون‘ ایم پی اے رائے منصب‘ ایم پی اے عامر شاہ‘ خالد سنگھیڑا‘ عبدالرحمن سنگھیڑا‘ چیئرمین بورڈ ریاض ہاشمی‘ ایس ایس پی سپیشل برانچ چودھری شریف ظفر‘ سی ٹی او چودھری شریف جٹ‘ سی او واپڈا چودھری اکرم‘ اے سی دنیا پورر حسنین سنپال‘ ملک ساجد‘ محمد شریف چنگوانی‘ سلیم قریشی‘ چودھری آصف‘ عبدالرحمن فری‘ آفتاب جٹ‘ زاہد عدنان گڈو‘ سدیر اعوان‘ چودھری شہباز‘ یحییٰ گجر‘ شاہد حمید چوہان‘ چودھری لطیف‘ شکیل بلوچ‘ وقاص بلوچ‘ ساجد سنگھیڑا‘ ڈی ایس پی نصراﷲ وڑائچ‘ علی شان‘ بنیامین ساجد‘ عقیل انصاری‘ عبدالحئی اثری و دیگر نے بھی شرکت کی۔