آبی بحران سے نمٹنے کیلئے حکومت کو کالاباغ ڈیم بحالی کی سفارش کی ہے: جاوید شاہ
ملتان (سپیشل رپورٹر) وفاقی وزیر توانائی واٹر سید جاوید علی شاہ نے ملک میں آبی بحران سے نمٹنے کے لئے پانی کے ذخائر کے لئے ملک میں مزید ڈیمز کے قیام کی تجاویز حکومت کو پیش کرتے ہوئے فوری طور پر کالاباغ ڈیم منصوبے کی بحالی کی سفارش کی ہے یہ بات مسلم لیگ فنکشنل کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری الحاج محمداشرف قریشی سے خصوصی ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ محمداشرف قریشی نے مستقبل میں ملک میں شدید آبی بحران کے خدشے کے علاوہ بھارتی آبی دہشت گردی سے سید جاوید علی شاہ کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا ملک میں لوڈشیڈنگ دوباہ شروع ہو چکی ہے جبکہ حکومت نے اس کے خاتمے کی نوید سنائی تھی جس کی وجہ سے عوام میں بے چینی اور بداعتمادی پیدا ہو چکی ہے بھارت تیزی کے ساتھ اپنے ملک میں ڈیمز تعمیر کرکے پانی ذخیرہ کر رہا ہے جو پاکستان کے حصے کا ہوتا ہے۔ سید جاوید علی شاہ نے مزید کہا کہ مستقبل میں کسی بھی آبی قلت سے بچنے کے لئے وزارت واٹر پاور نے اہم منصوبہ جات کی تیاری کا کام شروع کر رکھا ہے۔ جنوبی پنجاب سے جلد پانی کی قلت دور ہو جائے گی اور لوڈشیڈنگ بھی ختم ہو جائے گی۔ اس موقع پر علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ رانا مہر حسین نون بھی ہمراہ تھے۔