رانا ثناء کو وزارت سے برطرف کر کے قرار واقعی سزا دی جائے: ابوالخیر زبیر
ملتان (نامہ نگار خصوصی) جمعیت علماء پاکستان (نورانی) و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دھوبی گھاٹ فیصل آباد میں تاریخی تحفظ ختم نبوت کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر پیر خواجہ حمید الدین سیالوی اور عوام اہلسنت کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد میں لاکھوں عاشقان مصطفیٰ ؐ نے ختم نبوتؐ کے تحفظ کا عزم کر کے ثابت کردیا ہے کہ سب کچھ برداشت کیا جا سکتا ہے لیکن ختم نبوت اور ناموس رسالت ؐ قوانین سے چھیڑ چھاڑ پر کوئی کمپرو مائز نہیں کیا جا سکتا رانا ثناء اﷲ نے آئین سے غداری کرتے ہوئے قادیانیوں کی حمایت کی ہے لہٰذا اسے فوری طور پر وزارت سے برطرف کر کے دستور کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے جب تک قوم کا یہ مطالبہ پورا نہیں کیا جائیگا۔ عاشقان مصطفیٰ ؐ چین سے نہیں بیٹھیں گے انہوں نے کہا کہ خواجہ حمید الدین سیالوی نے اہلسنت کی تمام مذہبی اور سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے حکمرانوں کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ ختم نبوت ؐ کے تحفظ کیلئے عاشقان رسول ؐ کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے انہوں نے کانفرنس میں استعفا دینے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور چیئرمینوں کے استعفوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ختم نبوتؐ کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں ہے۔