”گستاخ بلاگرز معاشرے کے ناسور ہیں‘ کسی نرمی کے مستحق نہیں: اشرف جلالی
لاہور( خصوصی نامہ نگار)تحریک لبیک یا رسول اللہ کے زیرہتمام ملک بھر میں اسلام اور آ زادی اظہار کے موضوع پر جمعہ پڑھایا گیا۔ اس موقع پر مرکزی جامع مسجد رضائے مجتبی میں اجتماع جمعة المبارک سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہاآزادی اظہار کی آڑ میں اسلام پر یلغار کی اجازت نہیں دیں گے 295C قانون ناموس رسالت اور قانون ختم نبوت کی پاسبانی کے لیے امت کا بچہ بچہ تیار ہے ۔ گستاخانہ بلاگرز معاشرے کے بہت بڑے ناسور ہیں وہ کسی نرمی کے مستحق نہیں۔ تحریک لبیک یا رسول اللہ کے مرکزی رہنما میاں ولید احمد شرقپوری شرقپور شریف نے کہا کہ 295C قانون ناموس رسالت کے خلاف سازشیں کرنے والے اپنے ایمان کی فکرکریں۔ پیر سید محمد نویدالحسن مشہدی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر توہین رسالت کا دھندا کرنے والے معافی کے مستحق نہیں۔ میاں محمدتنویر احمد کوٹوی نے کہا کہ سیکولر سوچ پاکستان کے مسائل کا حل نہیں۔ علاوہ ازیں جماعت اہلسنت پاکستان کے زیراہتمام سوشل میڈیا پر گستاخانہ پیجز چلانے والوں کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج منایا گیا اور ملک بھر میں جمعہ کے اجتماعات میں گستاخانہ بلاگرز کے خلاف مذمتی قرادادیں منظور کی گئیں اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت شعائر اسلام کا مذاق اڑانے والے فتنہ پروروں کو گرفتار کرے۔ مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سید ریاض حسین شاہ نے اتفاق مسجد ماڈل ٹاﺅن میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر گستاخانہ پیجز چلانے والے دہشت گرد اور انتہاپسند ہیں۔