چلڈرن ہسپتال لاہور میں 2 بچوں کا بون میرو ٹرانسپلانٹ کا کامیاب آپریشن
لاہور(نیوزرپورٹر)چلڈرن ہسپتال لاہور میں دوبچوں کے بون میروٹرانسپلانٹ کامیابی کے ساتھ کرلئے گئے- اس بات کا اعلان ڈین چلڈرن ہسپتال پروفیسر مسعود صادق اور میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر احسن وحید راٹھور نے پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری سطح پر پاکستان کی تاریخ کا پہلا ٹرانسپلانٹ تھیلیسیمیامیں مبتلا 2سالہ بچے بلال کا چلڈرن ہسپتال کے ڈاکٹروں نے انجام دیاجبکہ چار سالہ عاشر کا بھی بون میروٹرانسپلانٹ منگل کے روز کیا گیا ۔دونوں بچوں کی سگی بہنوں نے اپنے بون میرو کا عطیہ دیا ہے۔احسن وحید راٹھور اور مسعود صادق نے بتایا کہ کئی سال کی انتھک کوشش اور وزیراعلیٰ کی سرپرستی کے نتیجہ میں آج ہم اس مقصد میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مریض اور اس کے ڈونر تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں۔