اقلیتی بل غیر اسلامی اور متنازعہ ہے خاموش نہیں بیٹھیں گے‘ صاحبزادہ ابوالخیر
کراچی (نیوزرپورٹر) قائد جمعیت ڈاکٹرصاحبزادہ ابوالخیرمحمدزبیرنے کہاہے کہ سندھ کے حکمران اپنی عاقبت کی فکر کریں ،غیر مسلموں کے اسلام قبول کرنے پرعمر کی پابندی قرآن وسنّت کے اصولوں کے خلاف ہے،حکمران تاریخ اسلام اٹھاکر دیکھیں حضرت علی ؓ سمیت متعدد صحابہ ءکرام نے کمسنی میں اسلام قبول کیااور حضوراکرم ﷺ نے ان کو اپنے دامن میں جگہ دی ، پاکستان جو ایک اسلامی نظریاتی مملکت ہے جہاں کا آئین کہتاہے کہ ملک میں قرآن وسنت کے منافی کوئی قانون نہیں بن سکتالیکن حکمران ٹولہ قرآن وسنّت سے روگردانی کے ساتھ ساتھ ملک کے آئین کی خلاف ورزی بھی کررہاہے،جمعیت علماءپاکستان اور ملی یکجہتی کونسل غیر اسلامی اور متنازعہ قانون سازی پر خاموش نہیں بیٹھیں گی، دیگر مذہبی جماعتوں سے مل کر احتجاجی تحریک چلانے پر غورکررہے ہیں۔یہ باتےں انہوں نے جمعیت علماءپاکستان سندھ کے زیراہتمام منعقدہ نظام مصطفےٰ ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔کانفرنس سے پیرمیاں عبدالمنان آف بھرچونڈی شریف، صوبائی صدر علامہ سید عقیل انجم قادری،سینئرنائب صدر صاحبزادہ مفتی افتخارعباسی،جنرل سیکریٹری صاحبزادہ میاں منیر احمدجامی،ضلع شکارپورکے صدر مولانامحمدیوسف،صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری مولانا محمد اسلم لانگاہ،ضلع لاڑکانہ کے صدر مولاناعلی شیر جتوئی، واحدبخش بھٹو، مولانابشیر ،مولاناامین سرکی، گھنورعلی قادری، مولاناشاہنوازبگھیوودیگرنے بھی خطاب کیا۔ڈاکٹرابوالخیر محمدزبیر نے کہاکہ حکومت سندھ اقلیتی بل کو فوری طورپر واپس لے اور قوم کو یقین دلائے کہ اس قسم کی کوئی قانون سازی نہیں ہوگی بصورت دیگر تمام مذہبی جماعتےں اپنے مشترکہ لائحہءعمل کا اعلان کریں گی۔
صاحبزادہ ابوالخیر