سٹاک ایکسچینج میں شریعہ کمپلائنٹ ٹریڈنگ کائونٹر کی منظوری
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان کے شریعہ ایڈوائزری بورڈ نے پاکستان سٹاک ایکس چینج میں شریعہ کمپلائنٹ ٹریڈنگ کاونٹر بنانے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ سٹاک ایکس چینج میں شریعہ کمپلائنٹ کاونٹر کی تجویز پاکستان سٹاک ایکس چینج کی جانب سے پیش کی گئی جس کا بنیادی مقصد سٹاک ایکس چینج میں شریعہ کمپلائنٹ حصص کی ٹریڈنگ کی سیٹلمنٹ کا طریق کار کو الگ کرنا ہے۔ شریعہ کمپلائنٹ ٹریڈنگ کاونٹر میں حصص کی سیٹلمنٹ کا فارمولہ T+2 کے بجائے T+0 ہو گا۔ سٹاک ایکس چینج میں شریعہ کمپلائنٹ کاونٹر کے قیام سے شریعہ کمپلائنٹ حصص میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں کے لئے آسانی پیدا ہو گی اور وہ T+2 سیٹلمنٹ سے منسلک رسک سے بھی بچ جائیں گے۔ ٹریڈنگ کے شرعی اصول کے مطابق حصص اس وقت تک نہیں بیچے جا سکتے جب تک کہ ان کی ڈیلیوری خریدار کے اکاونٹ میں نہ پہنچ جائے۔ اسی تصور کی روشنی میں شریعہ کمپلائنٹ حصص کی سیٹلمنٹ کے T+0 کا فارمولہ متعارف کروایا جا رہا ہے۔ ایس ای سی پی کے شریعہ ایڈوائزری بورڈ نے شریعہ سٹینڈرڈ نمبر 17، 18 اور سٹینڈرڈ نمبر 23 کا بھی جائزہ لیا اور ان کی اصولی منظوری دی۔