علاج کیلئے بیرون ملک جانا ہے، نام ای سی ایل سے نکالا جائے : ڈاکٹر عاصم نے دوبارہ سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا

اسلام آباد(آن لائن)سابق مشیر پٹرولیم و پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم حسین نے ای سی ایل سے نام نکلوانے کیلئے دوبارہ سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔ جمعرات کو ڈاکٹر عاصم کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا پہلے بھی عدالت کے حکم پر چیک اپ کیلئے نام ای سی ایل سے نکالا گیا۔ عدالتی حکم کے مطابق ایک ماہ کے اندر وطن واپس آ گیا تھا۔ نونومبر کو دوبارہ چیک اپ کیلئے ولنگٹن جانا ہے، نام دوبارہ ای سی ایل میں شامل ہونے کا سن کر دھچکا لگا، وزارت داخلہ کو دو بار درخواست دی لیکن جواب نہیں ملا۔ نوازشریف اور اسحاق ڈار کیخلاف زیادہ سنگین نوعیت کے مقدمات چل رہے ہیں، نوازشریف اور اسحاق ڈار کے نام ای سی ایل میں شامل نہیں کیے گئے۔ مجھے پیپلزپارٹی کا عہدیدار ہونے کی سزا دی جا رہی ہے۔ عدالت ڈاکٹر عاصم کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے۔