مسلم لیگ (ن)‘ تحریک انصاف لاہور کا ضمنی الیکشن ٹھنڈے دل سے لڑیں‘ انا کا مسئلہ نہ بنائیں: سراج الحق

مسلم لیگ (ن)‘ تحریک انصاف لاہور کا ضمنی الیکشن ٹھنڈے دل سے لڑیں‘ انا کا مسئلہ نہ بنائیں: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ امت مسلمہ عالمی سامراج کی سازشوں کی وجہ سے باہمی جنگ و جدل اور اختلافات کا شکارہے، عالم اسلام کو شیعہ سنی میں تقسیم کیا جارہا ہے ،ایران اور سعودی عرب کے درمیان تنائو اور کشیدگی عالم اسلام کیلئے تباہی کا راستہ ہے، اسلامی ممالک کو آپس میں دست و گریبان ہونے کے بجائے فلسطین اور کشمیر کی آزادی اور غربت ،جہالت اور بے روزگاری جیسے مسائل سے لڑنا چاہئے۔ حکومت اور تحریک انصاف ضمنی انتخابات کو انا کا مسئلہ نہ بنائیں، انتخابی حلقوں میں بینروں کی بھرمار دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ میں اخراجات کی مقررہ حد سے کئی گنا تو صرف بینروں پر خرچ ہوچکا ہے۔ نواز شریف اور جنرل راحیل شریف کے کشمیر کے حوالے سے جرأت مندانہ موقف نے قوم کو حوصلہ دیا ہے۔ نوازشریف امریکہ سے واپسی پر اگر ڈاکٹر عافیہ کو ساتھ لانے میں کامیاب ہوجائیں تو یہ انکا پاکستانی قوم پر بہت بڑا احسان ہوگا۔جنرل اسمبلی میں نواز شریف چین اور کئی دیگر ممالک کے سربراہان مملکت کی طرح قومی زبان اردو میں خطاب کرتے توملک و قوم کے وقار میں اضافہ ہوتا۔ مرکزی شوریٰ کے اجلاس سے جامع مسجد منصورہ میں نمازجمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہو ں نے کہا کرپشن ملک کا سنگین ترین مسئلہ بن چکا ہے۔ کرپشن کے خلاف آپریشن نہ ہوا تو یہ ملک کی جڑیں کھوکھلی کر دے گی۔ جاگیرداروں اور ظالم سرمایہ جاروں کا ٹولہ ہر قیمت پر ’’سٹیٹس کو‘‘ کو قائم رکھنا چاہتا ہے جبکہ عام آدمی کے حقوق کے تحفظ کیلئے ’’سٹیٹس کو‘‘ سے نجات ضروری ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ ہم سے تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) دونوں جماعتوں کی قیادت نے رابطہ کیا ہے۔ ہم نے اپنے مقامی یونٹ کو یہ اختیار دیا ہے کہ وہ اپنے حالات کے مطابق جس سے چاہیں تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ضمنی انتخاب ہے۔ اسے قومی انتخابات کا درجہ نہیں دیا جا سکتا۔ اس لئے بہتر ہے کہ دونوں جماعتیں ٹھنڈے دل سے الیکشن لڑیں۔