نگران وزیر داخلہ کا دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کا عزم

نگران وزیرداخلہ سرفرازبگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گرد مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔ دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے مزید اقدامات اٹھائیں گے۔ پاک فوج اور ایف سی بلوچستان کے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں، ان کی قربانیوں سے بلوچستان میں امن قائم ہوا۔ وزیر داخلہ نے بلوچستان میں قیام امن اور دیگر فلاحی کاموں میں ایف سی بلوچستان(نارتھ) کے کردار کو سراہا۔ نگران وزیر داخلہ نے ایف سی کی جانب سے موثر انسداد اسمگلنگ کی کارروائیوں کو بھی سراہا۔
اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ یہ پاک فوج اور ایف سی بلوچستان کی قربانیوں کا ہی ثمر ہے کہ آج بلوچستان سمیت پورے ملک میں امن قائم ہے۔ بلوچستان میں اب بھی دہشت گرد اور انکی باقیات موجود ہیں جو ہمارے سکیورٹی اداروں اور اہلکاروں کو اپنی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ اسی تناظر میں نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں بھی دہشت گردوں کی کارروائیاں تسلسل سے جاری ہیں جہاں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور بھارتی ایجنٹ سرگرم ہیں اور انہیں جب بھی موقع ملتا ہے‘ واردات کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے۔ دہشت گردی کے ناسور کا جڑ سے خاتمہ اسی صورت ممکن ہے جب نیشنل ایکشن پلان اور اپنے دفاعی نظام کا ازسرنو جائزہ لے کر اس میں موجود کمزوریوں کو دور کیا جائے۔ بے شک پاک فوج اور سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف اپریشنز جاری رکھے ہوئے ہیں اور اپنی جانوں کے نذرانے دینے سے بھی گریز نہیں کررہیں مگر دہشت گردوں کا صفایا اپنے سکیورٹی نظام کو مضبوط اور مؤثر بنا کر اور ملک میں سیاسی استحکام پیدا کر کے ہی کیا جا سکتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن