روسی صدر پوتین کے سابق داماد کی جائیداد ضبط

ڈچ حکام نے روسی صدر ولادی میر پوتین کے سابق داماد کا ایمسٹرڈیم کے قریب واقع ایک پلاٹ ضبط کر لیا ہے۔ایمسٹرڈیم کے جنوب مشرق میں ضبط کی گئی زمین ڈچ بزنس مین جورٹ فاسن کی ملکیت ہے، جن کی شادی روسی صدر کی سب سے بڑی بیٹی ماریا وفرونسوفا سے ہوئی تھی۔ڈچ لینڈ رجسٹری میں ایک اندراج سے پتا چلتا ہے کہ نیشنل پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر نے مالی، اقتصادی اور ماحولیاتی خلاف ورزیوں کے ارتکاب کے الزام میں 12 مئی کو پلاٹ کو ضبط کر لیا تھا۔گارڈین اخبار اور دو دیگر میڈیا تنظیموں کی مشترکہ تحقیقات کے مطابق، ڈچ لینڈ رجسٹری کی دستاویزات سے پتا چلتا ہے کہ زمین کا پلاٹ ایک جرم کی تحقیق کے دوران میں ضبط کیا گیا تھا۔پابندیوں سے متعلق امور کے ماہروکیل ہیلن اوور ڈی لنڈن نے کہا کہ جورٹ فاسن ممکنہ طور پر تحقیقات کا ہدف ہیں، لیکن عوامی دستاویزات جائیداد پر قبضے کی نوعیت یا مبینہ مجرمانہ کیس پر روشنی نہیں ڈالتی ہیں۔ڈچ پراسیکیوٹرز نے گارڈین کو مبیّنہ ضبطی یا تفتیش پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔روس کی تحقیقاتی نیوز سائٹ پروکٹ نے جمعرات کو جورٹ فاسن کے جاننے والے ایک ذریعے کا حوالہ دیتے ہوئے خبر دی کہ ڈچ حکام نے حال ہی میں فاسن سے ایمسٹرڈیم ہوائی اڈے شیفول آمد پر پوچھ گچھ کی۔

رپورٹ کے مطابق تفتیش کاروں نے فاسن سے "پابندیوں سے بچنے" کے شبے میں پوچھ گچھ کی اور ان کا کمپیوٹر اور موبائل فون ضبط کر لیا، جس کے فوراً بعد وہ ماسکو واپس آ گئے۔ایمسٹرڈیم کے نواح میں زمین کا پلاٹ اور اس کا فاسن سے تعلق عوامی طور پر جانا جاتا ہے، کیونکہ مظاہرین نے 2022 میں یوکرین میں روس کے آپریشن کے آغاز کے فوراً بعد ہی اس رقبے پر روس مخالف بینرز لگائے تھے۔ان میں صدر پوتین سے یوکرین سے روسی افواج کو نکالنے اور جیل میں بند کریملن کے نقاد الیکسی نفالنی کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ایمسٹرڈیم کے جنوب مشرق میں 1,432 مربع میٹر زمین کا پلاٹ کافی غیرمعمولی ہے۔یہ زمین فی الحال خالی ہے، فاسن نے 2021 میں زمین پر ایک گھر اور چھ چھوٹی دفتری عمارتیں بنانے کی اجازت کے لیے درخواست دی تھی لیکن مارچ 2022 میں، بلدیہ نے فاسن اور ولادی میرپوتین کے درمیان "قریبی تعلقات" کی بنیاد پر اجازت نامے کو معطل کر دیا۔

فاسن نے 2008ءمیں ماریا وفرونسوفا سے شادی کی تھی لیکن مبیّنہ طور پر ان کے درمیان علاحدگی ہو چکی ہے۔ روسی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اس جوڑے کا ایک 10 سالہ بیٹا ہے۔روس کے یوکرین پر حملے کے فوراً بعد پوتین کی دو بالغ بیٹیوں ماریا اور کترینا کے ناموں کو اپریل 2022 میں یورپی یونین اور امریکا کی پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔ فاسن امریکا، یورپی یونین یا برطانیہ میں سے کسی کی پابندی کی زد میں نہیں آئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن

مولانا قاضی شمس الدین

ڈاکٹر ضیاء الحق قمرآپ 1916ء مطابق 1334ھ کو کوٹ نجیب اللہ، ہری پور ہزارہ میں مولانا فیروز الدین کے ہاں پیدا ہوئے۔آپ کا تعلق ایک ...